متحدہ مجلس عمل کے کسی امیدوار کا دامن داغدار نہیں، سراج الحق
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے ملک میں انتخابات کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہاہے کہ ووٹ ملک و قوم کی امانت ہے اسے دیانتدار اور باکردار لوگوں کو دیجئے اور کسی خائن اور بدکردار کے حوالے یہ امانت نہ کیجئے ۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کو قوم نے ایک دوبار نہیں ، کئی بار آزمایا ہے اب پی ٹی آئی میں بھی وہی لوگ جمع ہیں جن کا احتساب ہونا چاہیے تھا مگر الیکشن کمیشن اور نیب نے انہیں کھلی چھوٹ دے دی ہے ۔ قوم کسی کے بہکاوے میں نہ آئے اور ان بہروپیوں کے بلند و بانگ دعوئوں اور وعدوں پر اعتبار نہ کریں ۔ متحدہ مجلس عمل ملک کی بڑی دینی جماعتوں کا اتحاد ہے ۔ ہم نے قوم کے سامنے وہ ہیرے پیش کیے ہیں جن کے کردار پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا ۔ ایم ایم اے کے کسی ایک امیدوار کے دامن پر کرپشن کا کوئی دھبہ نہیںاجلے کردار کے ان لوگوں نے ہمیشہ اسلام کی سربلندی اور ملک و قوم کی خدمت کے لیے بے مثال جدوجہد کی ہے جس کا اعتراف ہمارے مخالفین بھی کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ آپ کے ووٹ کے نتیجہ میں اگر دیانتدار اور اسلام پسند قوتیں آگے آئیں گی اور ملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کے لیے عملی جدوجہد کریں گی تو اس میں ووٹرز کا بھی پورا پور ا اجر و ثواب ہوگا اور اگر اس ووٹ کے ذریعے سے مذہب بیزار ، سیکولر اور بد دیانت لوگ اقتدار میں آئے تو ان کے گناہوں اور ملک و قوم کو ان کے ہاتھوں پہنچنے والے نقصان سے ووٹر بری الذمہ نہیں ہوسکتا ۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت قوم جس عذاب میں مبتلا ہے ، وہ انہی حکمرانوں کا کیا دھرا ہے جنہیں لوگ ووٹ دے کر ایوانوں میں پہنچاتے رہے۔