مسلم لیگ پنجاب اور مرکز میں ناقابل شکست ہے، سینیٹر عبدالقیوم
کراچی (صوفیہ یزدانی۔میگزین رپورٹ)پاکستان مسلم لیگ(ن) بلا شبہ پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول ترین جماعت ہے۔جس نے ماضی میں ہر پارٹی کے مینڈیٹ کو کھلے دل سے قبول کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔ان خیالات کا اظہار سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیدا وار کے چیئرمین اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم نے عام انتخابات کے حوالے سے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی مخاصمت کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کرنے کے خلاف ہیں۔شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی پوزیشن پورے پنجاب میں مضبوط ہے اور جو جماعت پنجاب میں ناقابل شکست ہے وہ مرکز میں بھی ناقابل شکست ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی اصل طاقت صرف اور صرف عوامی پذیرائی ہی ہوتی ہے۔جس کے حصول کا واحد طریقہ وہ کار کردگی ہے جس سے عوام مستفید ہو سکیں۔اداروں کے کندھوں کے متلاشی نام نہاد سیاسی قائدین ماضی کے ان تجربات کو بھول جاتے ہیںکہ اس طرح سے اقتدار کے حصول کے بعد سیاسی جماعتیں نہ صرف اپنی حکومتی ساکھ کھو بیٹھتی ہیں بلکہ اپنی بصیرت سے ہٹ کر اس منشور پر چلنے پر مجبور ہو جاتی ہیں جو ان کو دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح وہ ملک کے نہایت اہم اور پاکیزہ اداروں کو متنازع بنا کر اور ان کی ساکھ کو دا غدار کر نے کی مذموم کوشش میں ملک کی سلامتی کو شدید خطرات سے لاحق کر دیتی ہیں۔ا س لئے سب جماعتوں سے استدعا ہے کہ اگر آئین کی پاسداری اور جمہوریت کی مضبوطی پاکستان کی بقا کی ضامن ہے تو پھر ان اصولوں کو اپنی محدود سیاسی سوچ اور ہوس اقتدار کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔انتخابات ایک قوم کی حب الوطنی کا امتحان ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں افواج پاکستان پر فخر ہے۔ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ملک کے اندر دھشت گردی کے خاتمے اور بیرونی ریشہ دوانیوں کو ختم کرنے کے لئے پاک افواج نے اپنے خون سے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اس لئے ہم مطمئن ہیں کہ افواج پاکستان انشا اللہ کبھی پاکستان کی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دینگی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن سیکورٹی کا خاص خیال رکھنا ضروری ہے ۔انہوں نے کے پی کے اور بلوچستان میں دھشت گردی کے واقعات میں امیدواروں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ہم پر امن انتخابات چاہتے ہیں۔دشمن افرا تفری پھیلا کر ہمیں جمہوریت کی پٹری سے ہٹانا چاہتے ہیں‘ان میں بھارت پیش پیش ہے۔اس کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے قوم کو اتحاد کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ ‘عبوری حکومت اور الیکشن کمیشن غیر جانبدارانہ ‘منصفانہ اور شفاف انتخابات کروانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔جمہوریت کے سنہری اصولوں پر چلنا اور انصاف کی رسی کو تھامنا ہماری نسلوں پر احسان ہو گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایسی صورت میں پاکستان مسلم لیگ جو ملک کی سب سے بڑی جماعت ہیُ اپنی کار کردگی کی بنیاد پر سرخرو ہو گی۔