اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ رکھا
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے عام انتخابات ملتوی کرنے کے لئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ منگل کو فاضل جسٹس نے بسمہ نورین ایڈووکیٹ کی جانب سے عام انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی سماعت کی تو درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ غیر مسلموں کے حلف پر الیکشن کروائے جا رہے ہیں۔ فاضل جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ کیا چاہتی ہیں الیکشن روک دیں؟ خاتون نے جواب دیا جی ہاں، یہی استدعا ہے۔ عدالتی نوٹس کے باوجود الیکشن کمیشن نے جواب داخل نہیں کرایا تاہم عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ بسمہ نورین نے عام انتخابات ملتوی کرنے کے لئے آئین کے آرٹیکل 62 ڈی کے تحت درخواست دائر کی تھی۔