پاکستان کی انتخابی مہم میں بھارت کیساتھ تعلقات زیادہ زیربحث نہیں رہے‘ بھارتی میڈیا
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) آج عام انتخابات کے بارے میں بھارتی میڈیا نے وسیع پیمانے پر کوریج کی ہے۔ بھارتی میڈیا نے پاکستان میں انتخابات کی تاریخ‘ ووٹر ٹرن آؤٹ‘ ماضی کےانتخابات میں مختلف سیاسی جماعتوں کو ڈالے جانے والے ووٹوں کے تناسب کے بارے میں اعداد شمار بھی شائع کئے ہیں۔ میڈیا کے مطابق پاکستان کے بھارت سے تعلقات کا موضوع زیادہ زیربحث نہیں رہا۔ پیپلز پارٹی‘ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف نے اپنے اپنے منشور میں بھارت کے ساتھ مسائل کو بات چیت کے ذریعہ حل کرنے پر زور دیا ہے۔ تینوں بڑی جماعتوں نے کشمیر کا مسئلہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے تبصروں کے مطابق پاکستان کو مستقبل میں سب سے بڑا چیلنج اس کی بگڑتی ہوئی معیشت ہے۔ بھارتی الیکٹرانک میڈیا نے عمران خان کی کامیابی کو مودی حکومت کیلئے پریشانی کا باعث قرار دیا ہے۔ بھارتی میڈیا نے ان انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کو بھی اچھالنے کی کوشش کی ہے۔