غیرملکی فنڈنگ کیس‘ تحریک انصاف کی چوتھی درخواست بھی خارج کر دی گئی
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن میں زیر التوا فارن فنڈنگ کیس میں اکائونٹس کی سکروٹنی اور اکبر ایس بابر کی پارٹی رکنیت کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کی درخواست خارج کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن میں غیر ملکی فنڈنگ کیس کے خلاف یہ تحریک انصاف کی چوتھی درخواست تھی جو اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی تھی۔ منگل کو عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے تحریک انصاف کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف اکبر ایس بابر کی پارٹی رکنیت ختم کرنے سے متعلق ٹھوس ثبوت پیش نہیں کر سکی۔ واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اکبر ایس بابر ان کی پارٹی کے ممبر نہیں ہیں اور وہ پارٹی سٹیٹس استعمال کر رہے ہیں لہٰذا انہیں الیکشن کمیشن کی جانب سے فارن فنڈنگ کیس کی کارروائی میں شامل ہونے سے روکا جائے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے اکائونٹس کی سکروٹنی کے عمل کو بھی روکا جائے۔ دوران سماعت اکبر ایس بابرکی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فورمز پر بھی ان کے حق دعویٰ اور پارٹی رکنیت کو چیلنج کیا تھا اور ہر بار ان کے حق میں فیصلہ آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کی بھی رکنیت قانونی تقاضے پورے کئے بغیر ختم نہیں کی جا سکتی۔ دوران سماعت الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل لاء نے بھی الیکشن کمیشن کے مختلف فیصلوں کے حوالے دیتے ہوئے کہا کہ اکبر ایس بابر کی تحریک انصاف کی رکنیت کی تصدیق الیکشن کمیشن نے بھی کی ہے۔ دلائل سننے کے بعد فاضل عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا جو منگل کو سناتے ہوئے عمران خان کی درخواست مسترد کر دی۔