دبئی میں کام کرنیوالے 7 پاکستانی بھی انتخابی دنگل میں شامل
دبئی (طاہر منیر طاہر)آج ہونے والے ملک گیر انتخابات میں متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے 7 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن میں پیپلز پارٹی سے تین امیدواران چودھری نورالحسن تنویر، احسان باجوہ، آزاد علی تبسم پاکستان مسلم لیگ ن سے ایک امیدوار خیال زمان اورکزئی پاکستان تحریک انصاف سے اور ایک امیدوار چودھری محمد شفیع آزاد حیثیت سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لئے الیکشن کے میدان میں اترے ہیں۔ ادھر دبئی میں مقیم بزنس ویمن شمع بٹ اور ماہر تعلیم راحیلہ تبسم نے خیالات کا اظہار کرتے کہا کسی بھی جمہوری ملک میں جمہوریت کے برقرار رکھنے کے لئے صاف و شفاف انتخابات کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ لوگوں کے منتخب نمائندے اسمبلی میں جا کر ان کی فلاح و بہبود اور بہتری کے لئے کام کر سکیں۔ پاکستان میں جمہوری عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ سمندر پار مقیم پاکستانی یہی چاہتے ہیں کہ ان کا ملک پاکستان ہر طرح سے مضبوط اور محفوظ ہو اور اس پر کوئی آنچ نہ آئے۔ پاکستان اپنے ملک کو ہر طرح کی دہشت گردی سے پاک اور پرامن ملک دیکھنا چاہتے ہیں یہاں ہر طرف خوشحالی کا دور دورہ ہو اور لوگوں کو ان کی بنیادی ضروریات اور سہولیات میسر ہوں۔ ہر پاکستانی اپنے وطن کو دفاعی اور معای طور پر بھی مضبوط دیکھنا چاہتا ہے اور یہ توقعات وہ اپنے منتخب کردہ نمائندوں سے رکھتے ہیں۔ اب بھی اوورسیز پاکستانی اپنا ووٹ کا حق استعمال نہ کرنے کے باوجود یہی سوچتے ہیں کہ محب وطن نمائندے سامنے آئیں جو ملک و قوم کی بہتر انداز سے خدمت کر سکیں اور پاکستان کو ہر لحاظ سے مضبوط کرکے دوسری قوموں کے شانہ بشانہ لے جا سکیں۔