میرٹ ؟پاکستان عالمی مقابلوں میں پرفارم نہیں کرسکتا:فرحان عبادت
لاہو(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر)میرٹ کی خلاف ورزی اور حق داروں کو حق نہ دینے کی وجہ سے پاکستان کھیلوں کے عالمی مقابلوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرپاتا‘ اسکی واضح مثال ایشئین گیمز کیلیے منتخب کی جانے والی پاکستان جوڈو ٹیم ہے جس میں عالمی سطح پر کامیابیاں حاصل کرنیوالے شاہ حسین شاہ اور قیصر خان آفریدی کو شامل نہ کرنا ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشیئن ایکشن لیکر حق داروں کو ان کا حق ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سینئر نائب صدر اور نائب صدر ریلوے سپورٹس بورڈ پروفیسر ڈاکٹر فرحان عبادت یار خان نے کیا ہے۔ حسین شاہ اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرچکا ہے۔کامن ویلتھ گیمز 2014میں چاندی کا تمغہ‘ ایشیئن گیمز 2013-14میں دو کانسی کے تمغے‘ جبکہ 2016اور 2018کی سائوتھ ایشئین گیمز میں تین بار گولڈ میڈل جیتا ہے۔ وہ اس وقت قومی چیمپئن ہے۔ قیصر خان 2018کے سائوتھ ایشیئن گیمز کے گولڈ میڈلسٹ ہے‘ 2016کی سائوتھ ایشیئن گیمز میں کانسی کاتمغہ جیتا تھا۔ اس سب کے باوجود پاکستان اولمپک ایسوسی ایشین نے دونوں کھلاڑیوں کے ناموں کی پاکستان ٹیم میں شمولیت کی منظوری نہیں دی جو سراسر نا انصافی اور میرٹ کی خلاف ورزی ہے۔ انھوں نے ارباب اختیار سے فوری نوٹس لینے اور دونوں باصلاحیت کھلاڑیوں کو ٹیم کے ساتھ بھیجنے کی اپیل کی ہے۔