کپاس اور سبزیوں کی فصلوں سے بارش کا زائد پانی فوری نکالا جائے: محکمہ زراعت
لاہور (نیوز رپورٹر) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مون سون کی بارشوں سے دوران مختلف فصلات کے تحفظ کیلئے بتایا ہے کہ کماد، دھان اور چارہ کی فصلیں پانی کی زیادتی کو برداشت کر جاتی ہیں لہٰذا بارش کے زائد پانی کو ان فصلوں میں منتقل کرنے سے مضر اثرات مرتب نہیں ہوتے ہیں جبکہ کپاس اور سبزیوں کی فصلیں پانی کی زیادتی برداشت نہیں کرتی ہیں اس لئے ان فصلوں سے بارش کے زائد پانی کی نکاسی کا فوری بندوبست کرنا چاہیے تاکہ یہ فصلیں بارشوں کے مضر اثرات سے محفوظ رہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ ریڈیو اور ٹی وی سے نشر ہونے والے موسمی پیشن گوئی پر نظر رکھیں تاکہ اپنی فصلوں کی آبپاشی کیلئے اس کے مطابق اپنا پروگرام ترتیب دے سکیں۔ لہذٰا کاشتکار اس کے مطابق اپنی فصلوں اور باغات کی حفاظت کیلئے اقدامات کریں اس سلسلے میں کاشتکار اپنی فصلوں یا فارمز میں نکاسیِ آب کا نظام خاص طور پر بہتر کریں۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ مون سون کے موسم میں جڑی بوٹیوں کی افزائش میں اضافہ ہوتا ہے ۔یہ جڑی بوٹیاں نہ صرف غذائی ضرروتوں کے اعتبار سے فصل کے پودوں سے مقابلہ کرتی ہیں بلکہ یہ ضرر رساں کیڑوں کی پناہ گاہ بھی ثابت ہوتی ہیں۔ اس موسم میں رس چوسنے والے کیڑوںکے حملے کا خطرہ زیادہ ہو جاتا ہے کیونکہ موسم میں نمی اور حبس ان کی افزائش میں معاون ثابت ہوتی ہے اس لئے کاشتکار ان ضرر رساں کیڑوں کے تحفظ کیلئے محکمہ زراعت (توسیع یا پیسٹ وارننگ) کے مقامی عملے سے مشورہ کریں اور بارش بند ہونے کی صورت میں محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورہ سے سپرے کریں۔کاشتکار فصلوں کی کاشت ترجیحاً پٹریوں پر کریں کیونکہ اس سے فصلیں بارشوں کے ہونے والے مضر اثرات سے محفوظ رہتی ہیں۔