پریگمیا برآمدات کے فروغ کیلئے وزیراعظم سے ملاقات کرے گا
کراچی (کامرس ڈیسک)نگران دور حکومت میں پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پریگمیا)برآمدات کے فروغ کے سلسلے میں حکومتی تعاون کے حصول کے لیے سرگرم ہو گئی، پریگمیا کی جانب سے برآمدات کے فروغ کے لیے لائحہ عمل طے کرنے کے لیے نگران وزیر اعظم کو لیٹر لکھ دیا گیا ہے۔اس ضمن میںایسوسی ایشن کے ایک عہدیدارنے بتایاکہ ہم نے حکومت سے تعاون مانگا ہے تاہم کئی دن گزرنے کے باوجود ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا۔ لیٹر میں کہا گیاکہ ٹیکسٹائل کا ویلیو ایڈڈ اپیرل سیکٹر وہ واحد سیکٹر ہے جس میں ساڑھے 5 فیصد سے زیادہ گروتھ ہوئی ہے اور اپیرل کی برآمدات 4.5 ارب ڈالر سے زائد ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ گارمنٹس سیکٹر زرمبادلہ کمانے میںبڑا کردار ادا کر رہا ہے جبکہ ریڈی میڈگارمنٹس سیکٹر کی جانب سے ٹیکس کی مد میں بھی بڑی ادائیگیاں کی جاتی ہیں۔پریگمیا نے لیٹر میں کہا ہے کہ ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچرنگ اور ایکسپورٹ سیکٹر میں بڑے پیمانے پر لوگ برسرروزگار ہیں، اس سیکٹر کو فروغ دیتے ہوئے ملکی برآمدات کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔پریگمیا کی جانب سے حکومت کو یقین دہانی کرائی گئی کہ وہ مشترکہ مفادات کے معاملات میں حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے جبکہ پریگمیا نے نگران وزیر اعظم جسٹس (ر)ناصر الملک سے برآمدات کے فروغ کے لیے لائحہ عمل طے کرنے کے لیے ملاقات کے لیے وقت دینے کی بھی درخواست کی۔