خواتین آج گھروں سے نکلیں اور ووٹ ضرورکاسٹ کریں: ممتاز مغل، نبیلہ شاہین
لاہور(لیڈی رپورٹر)ملک بھرکی خواتین تمام کام کاج چھوڑکرآج 25گھروں سے نکلیںاورپولنگ سٹیشنوں کا رخ کرکے اپنا قومی فریضہ اداکریں، انتخابی عمل میں ووٹروں کی موثر شرکت سے ہی حکومتی اداروں پر یہ مثبت دبائو ڈالا جا سکتا ہے کہ وہ عوام کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائیں۔انسانی حقوق کی رہنماؤں نے ان خیالات کااظہار نوائے وقت سے گفتگو میں کیا۔ عورت فاؤنڈیشن کی ممتاز مغل اور نبیلہ شاہین نے کہا کہ خواتین ملکی آبادی کانصف ہیںوہ اپنے ووٹ کا درست استعمال کرکے زردست تبدیلی لانے کی پوزیشن میںہیںاسلئے یہ بہتر ہوگا کہ وہ خوب سوچ سمجھ کر اپناحق رائے دہی استعمال کریں اور ووٹ دینے سے قبل اس پارٹی کے منشور اور گزشتہ کارکردگی کاضرور مطالعہ کریں۔ ساؤتھ ایشیا پارٹنرشپ پاکستان کی فرزانہ ممتازاور وائز کی بشریٰ خالق نے کہا کہ ملک میں کسی بھی جگہ پر خواتین کوووٹ کے حق سے محروم کرنا انسانی حقوق کی زبردست خلاف ورزی ہوگی، خواتین جب تک گھروں میں بیٹھی رہیں گی اور اپنی سوچ کی بجائے دوسروںکے کہنے پر ووٹ کاسٹ کریں گی تب تک امن اور خوشحالی ان کے لئے خواب ہی رہے گی۔ ورکنگ ویمن آرگنائزیشن کی ایگزیکٹوڈائریکٹر آئمہ محمود نے کہا کہ ووٹروں کی انتخابی عمل میں شرکت کا براہ راست تعلق پولنگ سٹیشنوں پر سازگار ماحول سے ہے، جب تک اس بات کو یقینی نہیں بنایاجائے گا خواتین نہ تو خود گھروں سے نکلیں گی اور نہ اہل خانہ کو پولنگ سٹیشنوںکارخ کرنے دیں گی۔