انتظامیہ ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کیلئے تیار ہے: چیف سیکرٹری پنجاب
ملتان( خبر نگار خصوصی ) چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی نے کہا ہے کہ شفاف الیکشن کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کوہر طرح سے سپورٹ کرنا انتظامیہ اور پولیس کی ذمہ داری ہے ،پنجاب بھر میں انتظامیہ اور پولیس ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے ۔قانون کی بالادستی قائم رکھنے کے لئے شرپسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گاپنجاب بھر میں الیکشن کمشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عمل درامد یقینی بنایا گیا ہے،صوبہ بھر میں قبضے میں لئے گئے بینرز ،پمفلٹ ،متعدد ایف آئی آر اور جرمانے اس بات کا ثبوت ہیں ۔ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی نے ملتان سرکٹ ہائوس میں جنوبی پنجاب کے انتظامی اور پولیس افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کے تمام افسران شفاف الیکشن کے انعقاد کے لئے بھر پور ذمہ داری سے کام کر رہے ہیں ،الیکشن کمیشن نتائج آنے کے بعد بھی لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کے لئے لائحہ عمل تیار کرلیا گیا ہے جبکہ سیکورٹی بھی ریڈ الرٹ رکھی جائے گئی،انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمشن کے بعد صوبہ بھر میں صفائی مہم بھی چلائی جائے گی اور اس سلسلے میں انٹر ڈ ویژن اور انٹر ڈسٹرکٹ مقابلے کا انعقاد بھی کیا جائے گاانہوں نے مزید کہا کہ عالمی درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے کے لئے شجر کاری بہت اہمیت کی حامل ہے ،اس لئے پنجاب بھر میں بڑے پیمانے پر شجر کاری مہم شروع کر دی گئی ہے۔سر سبز پنجاب کے خواب کو جلد ہی عملی جامہ پہنائیں گے،آئی جی پنجاب کلیم امام نے کہا کہ تمام پولنگ سٹیشنز پر پولیس کی نفری تعینات ہوگی ،حساس پولنگ سٹیشنز کو خاص طور پر مانیٹر کیا جائے گا،خواتین کے پولنگ سٹیشنز پر خواتین اہلکار بھی لازمی تعینات کی جائیں گی ،الیکشن کے دن امن و آمان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہی اصل کامیابی ہے ،الیکشن نتائج آنے کے بعد بھی کسی کو شرپسندی کی اجازت ہرگز نہیں ہوگی اور ا یسا کرنے والون کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔حساس مقامات پر سینئر افسران بھی تعینات ہوں گے تاکہ اہلکاروں کا حوصلہ بڑھے ،ڈیوٹی پر موجود تمام اہلکاروں کو پانی کھانا وغیرہ فراہم کیا جائے گا ،آئی جی پنجاب نے سختی سے ہدایت کی کہ کسی بھی شخص کو بلاوجہ تنگ نہ کیا جائے جبکہ کسی بھی شر پسند عناصر کو ہرگز نہ چھوڑا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ شجرکاری مہم میں پولیس بھی پودے لگائے گی جبکہ ڈینگی اور پولیو سٹاف کو بھی کسی مسئلے کی صورت میں سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر کمشنر ملتان ندیم ارشاد کیانی نے چیف سیکرٹری کو بریفنگ دی۔
چیف سیکرٹری