’’کتاب‘‘ کی کامیابی کراچی کے روشن مستقبل کی ضمانت ہو گی‘ حافظ نعیم الرحمن
کراچی(نیوز رپورٹر )جماعت اسلا می کراچی کے امیر و مجلس عمل کے حلقہ این اے 250کے نامزد امیدوار حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کتاب کی کامیابی کراچی میں امن و محبت ‘ تعمیر نو اور روشن مستقبل کی ضمانت ہوگی‘ عوام کو کے الیکٹرک اور نادرا کے حوالے سے ریلیف دلایا ‘ پانی کے بحران اور دیگر مسائل کے حل کیلئے آواز اٹھائی ‘ کامیاب ہوکر پانی اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر مسائل بھی حل کرائیں گے ‘عوام 25جولائی کو ان تمام لوٹوں ‘ لٹیروں ‘ چوروں اور ڈاکؤوں سے نجات حاصل کریں اور کتاب کے نشان پر مہر لگا کر مجلس عمل کو کامیاب بنائیں‘ ایم کیو ایم ‘ پیپلز پارٹی اور اے این پی کے اتحاد نے شہر کو تباہ و برباد کیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب NA-250 میں بنارس چوک تا میٹروول میں نکالی گئی ریلی اور میٹروول میں عوامی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر PS-119 کے امیدوار قاری عثمان اور PS-120 کے امیدوار عبد الرزاق خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ جرگے میں متعدد قبائلی رہنماؤں نے ایم ایم اے کی حمائت کی یقین دہانی کرائی۔ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ عوام ووٹ کو تقسیم ہونے بچائیں۔