مکرمی! کرپشن ایسی برائی ہے جس نے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی کو تباہ کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ کرپشن لعنت ہے اور پاکستان کی ترقی کیلئے بڑی رکاوٹ ہے۔ کرپشن معاشرے میں عدم مساوات یعنی امیر اور غریب میں فرق پیدا کرتی ہے۔ بدعنوان لوگوں کے باعث مستحق افراد اپنے حق سے محروم رہ جاتے ہیں۔ کرپشن زدہ معاشرے سے خیر رخصت اور انسانیت ناپید ہو جاتی ہے۔ ہر کام پیسہ بنانے کیلئے ہونے لگتا ہے۔ کرپشن کا مرض چھوت کی طرح پھیلتا اور معاشرے کو مفلوج کرتا چلا جاتا ہے۔ اسے معاشرے کیلئے آکاس بیل سے بھی تشبہہ دی جاتی ہے جو ایک بار کسی درخت یا پودے پر آگرے تو وہ ایک شاخ سے اگلی اور پھر اگلی کو جکڑتی چلی جاتی ہے، حتیٰ کہ درخت کی خوبصورتی‘ سبزی سب کچھ ختم ہو جاتا ہے، ٹنڈمنڈ کے سوا کچھ باقی نہیں رہتا۔ عجیب دور آلگا ہے کہ بدعنوانی سے دینی اور تعلیمی ادارے اور ہسپتال بھی محفوظ نہیں رہے۔کسی برائی کے خلاف جدوجہد کا انحصار معاشرے کے اخلاقی معیاروں پر ہوتا ہے۔ اہمیت اس بات کی ہوتی ہے کہ ہم کسی بات کو صرف حق کی بنیاد پر ہی رد اور کسی کو قبول کرتے ہیں۔ پاکستان کی ترقی کیلئے ہمیں چاہئے کہ ہم کرپشن جیسی برائی کے خاتمے کیلئے بھرپور جدوجہد کریں تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ (خدیجہ بٹ لاہور)
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024