کراچی کیلئے عام انتخابات اہمیت کے حامل ہیں: ڈاکٹر سلیم حیدر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)بانی صوبہ مہاجر تحریک اور قومی اسمبلی کے حلقہ 254 اور این اے 239 کے اُمیدوار ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ کراچی میں ہونے والے انتخابات مہاجر تاریخ میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ۔ اگر قوم نے صحیح فیصلہ نہ کیا تو پھر وہی پیدا گیر اور مفاد پرست دوبارہ مسلط ہوجائیںگے جو 30 سال سے ہر بار مہاجروں کو نئے انداز میں دھوکہ دے کر کامیاب ہوتے ہیں اور پھر حکومت کے بنانے اور سینیٹ تک اپنے ووٹ فروخت کرکے ذاتی مراعات حاصل کرتے ہیں اور پوری قوم کو شرمندگی اور مایوسی سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ وہ شاہ فیصل کالونی ، ملیر، درخشان کالونی اور دیگر علاقوں میں عوام سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کررہے تھے۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ آج کراچی میں غیر مہاجروں کو مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی تمام تر ذمہ داری بہادر آباد میں چھپے وہ پیدا گیر جو برسوںسے مہاجر قوم کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں پر عائد ہوتی ہے۔ 30 سالوںسے اقتدار میں رہنے کے باوجوداب بھی بے اختیاری کا رونا رو رہے ہیں۔ ہر بار پیپلزپارٹی سے مفاہمت کرکے مالی وسائل سمیٹے جاتے ہیں اور آخری دنوں میں پیپلزپارٹی کو برابھلاکہہ کر اپنی بداعمالیوں کی ساری ذمہ داری اس پر ڈالی جاتی ہے لیکن اب مہاجر قوم اس سارے ٹوپی ڈرامے کو سمجھ چکے ہیں اب وہ ان بہروپیوں کے بہکاوے میں نہیں آئیںگے۔ انہوں نے حلقے کے عوام سے اپیل کی کہ وہ 25جولائی کی صبح مہاجر صوبے کی تحریک کو آگے بڑھانے کیلئے پھول کے نشان پر مہر لگائیں۔