ووٹ کی طاقت سے عوام کرپٹ ٹولے کو شکست دیں‘ ڈاکٹر مزمل اقبال
کراچی (نیوزرپورٹر) ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر اور حلقہ این اے 242 سے نامزد امیدوار مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ عوام آج گھروں سے نکلیں اور ووٹ کی طاقت سے کرپٹ ٹولے کو شکست دیں۔ انتخابی نشان کرسی کو ووٹ دے کر قوم کے خدمت گاروں کا انتخاب کیا جائیں۔ نظریہ پاکستان سے غداری کرنے والوں کے لیے ایوان میں کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔ ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار عوام کی امیدوں پر پور اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کے بعد بھی عوام کے ساتھ رہیں گے اور خدمت انسانیت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ ہم وہ نہیں جو عوام سے جھوٹے وعدے کرکے فراموش کردے۔ ہم اپنے منشور کے مطابق تمام وعدوں پر عمل پیرا ہوں گے۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ بلند و بانگ دعوے کرنے والے الیکشن کے بعد اپنے حلقوں میں نظر نہیں آتے۔ قوم کو دھوکہ دینے والے اور جھوٹ بولنے والوں کا محاسبہ ہونا چاہیے۔ ایسے کرداروں کو ووٹ کی طاقت سے مسترد کرکے انہیں پیغام دیا جائے کہ پاکستانی قوم اب مزید فریب میں مبتلا نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اور اس کا استحکام بھی اسی نظریے پر عمل پیرا ہونے سے ممکن ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ نظریہ پاکستان کے غداروں کو مسترد کرکے قوم کے وفاداروں کو موقع دیا جائے۔