این آر اوز کا دور گیا‘ عوام آج حق کا ساتھ دینگے:اسد اللہ بھٹو
کراچی(نیوز رپورٹر ) متحدہ مجلس عمل کے مرکزی رہنماء اور این اے 242پر نامزد امیدوار اسداللہ بھٹونے کہا ہے کہ کسی نئے این آر او کی بجائے 25 جولائی کوقوم کو فیصلہ کرنے دیا جائے۔ کرپشن و دہشت گردی کے شیطانی کھیل کا خاتمہ پوری قوم کی ترجیح اول ہے۔ عوام آج اپنے گھروں سے نکل کر ووٹ کی طاقت سے کرپٹ لوگوں سے انتقام اور دیانتدار نمائندوں کو کامیاب کریں۔ مجلس عمل کے نمائندے کامیاب ہوکر اسلامی اقدار کی حفاظت اور عوام کے بنیادی مسائل حل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فقیرا گوٹھ،ال آصف اسکوائر اور گڈارتھ بنگلوز میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جتوئی قبیلے کے بادل خان جتوئی، محسود و برکی قبائل کے عمائدین نے مجلس عمل کے نمائندوں کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا۔ اجتماعات سے پی ایس 100 کے امیدوار محمد یونس بارائی، پی ایس 99 کے امیدوار مولانا غیاث ، خیر محمد تنیو، مولانا آغا قاسم اکاخیل ،ملک مقصود احمد نے بھی خطاب کیا ۔