فٹ بال عالمی کپ 2022 کیلئے کام کرنے والے مزدور اجرتوں سے محروم
قطر(آئی این پی)قطر میں 2022 میں ہونے والے فٹ بال عالمی کپ کے انعقاد کے لیے سٹیڈیمز کی تعمیر اور دوسرے منصوبوں پر کام کرنے والے سیکڑوں بھارتی تارک ِوطن مزدور انتہائی نامساعد حالات میں رہ رہے ہیں۔ انہیں گذشتہ چھ سات ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہی ہیں ،ان میں بہت سے ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں یا ان کے ویزوں کی میعاد ختم ہوچکی ہے اور وہ مزدور کیمپوں میں انتہائی ابتر حالات میں رہ رہے ہیں ۔بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق ایسے ورکروں کی تعداد 600 سے زیادہ ہے۔ اخبار نے ایک بھارتی عہدہ دار کے حوالے سے لکھا ہے کہ ان میں بعض گذشتہ آٹھ سے دس سال سے قطر میں کام کررہے ہیں لیکن انہیں ان کے واجبات اور معاوضوں کی ادائیگی کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ایک قطری فرم کے لیے گذشتہ آٹھ سال سے کام کرنے والے بھارتی شہری ایس کمار نے بتایا کہ ہمیں اب لوگوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ،وہ ہمیں خیرات میں کھانا دے جاتے ہیں ۔دن کے وقت ہمیں بجلی کی سہولت دستیاب نہیں اور صرف رات کے وقت ہم جنریٹر سے بجلی حاصل کرتے ہیں۔بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والے اس تارک وطن کا کہنا تھا کہ اس کو گذشتہ چھ ماہ سے کوئی تنخواہ ادا نہیں کی گئی ہے۔ قطر نے تارکین وطن ورکروں کے مسائل کے حل کے لیے اصلاحات کا وعدہ کیا تھا لیکن اس کے بعد بھی تارکین وطن کے مسائل حل نہیں ہوئے ہیں اور ان سے محض وعدے وعید پر مفت بری میں کام لیا جا رہا ہے۔