ٹیکس اہداف میں ناکام آر ٹی اوزکے چیف کمشنرزسے تحریری وضاحت طلب
کراچی (کامرس رپورٹر)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے مالی سال 2017-18 کے ٹیکس اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہنے والے ریجنل ٹیکس آفسز(آر ٹی اوز)کے چیف کمشنرزسے تحریری وضاحت طلب کرلی ہے۔دستاویز کے مطابق ایف بی آر ہیڈکوارٹرز کی جانب سے گزشتہ مالی سال کے دوران ناقص کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریجنل ٹیکس آفسز کے چیف کمشنرز کو لیٹر لکھے گئے ہیں جن میں انہیں دیے جانے والے ٹیکس وصولیوں کے بجٹری اہداف اور متعلقہ ریجنل ٹیکس آفسز کی جانب سے کی جانے والی وصولیوں کے اعدادوشمار کا موازنہ پیش کیا گیا ہے اور انتہائی ناقص کارکردگی دکھانے والے چیف کمشنرز سے کہا گیا ہے کہ ٹیکس اہداف کے حصول میں ناکامی کے بارے میں وضاحت کی جائے اور اہداف کے حصول میں ناکامی کی وجوہ بھی بتائی جائیں۔لیٹر میں لکھا گیا کہ آئندہ مالی سال 2018-19 کے لیے بجٹ آر ٹی اوز کے اصل اہداف کے مطابق مقرر کیا جارہا ہے اور وفاقی ٹریژری آفس کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ ری کنسیلیشن شیٹس کے ذریعے اس کی تقسیم کی جاتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جن آر ٹی اوز کی کارکردگی ناقص رہی ہے اور جو ٹیکس اہداف حاصل نہیں ہوسکے ہیں ان سے وضاحت مانگی گئی ہے جس کے بعد آئندہ کی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔بعض آر ٹی اوزکی کلیکشن کے اعدادوشمار میں تغیرات بھی پائے گئے ہیں جنہیں کلیئر کرنے کی ضرورت ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آر ٹی اوز کی رپورٹ کے بعد آئندہ کی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔