ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کی مد میں چوری کے 95 لاکھ روپے وصول
کراچی (کامرس ڈیسک) کلکٹریٹ آف کسٹمز ایکسپورٹ کراچی نے دو برآمدی کمپنیوں سے ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کی چوری کے 95 لاکھ روپے وصول کرلیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 18 جولائی 2018 کو درآمدی ڈیٹا کی اسکروٹنی کے دوران پتہ چلا کہ ایک برآمدی کمپنی میسرز عروج ایمبرائیڈری نے ایس آر او 546 کے غلط استعمال سے سلائی مشینوں اور پرزہ جات کی درآمد پر ڈیوٹی اور ٹیکسوں میں لاکھوں روپے چوری کیے ہیں۔ دوسری برآمدی کمپنی صفدر ماربل اور گرینائٹ نے بھی ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کی چوری کی تھی۔ کلکٹریٹ کسٹمز ایکسپورٹ نے ضروری قانونی کارروائی کرکے دونوں کمپنیوں سے مجموعی طور پر 94 لاکھ 70 ہزار روپے وصول کرلیے ہیں۔