100 انڈیکس کی 9 نفسیاتی حدیں بحال سرمایہ میں142 ارب اضافہ
کراچی(کامرس ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک روزہ مندی کے بعد کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو زبردست تیزی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس کی 40500 ، 40600 ، 40700 ، 40800 ، 40900 ، 41000 ، 41100 ، 41200 اور 41300 کی نفسیاتی حدیں بحال ہو گئیں ۔ سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب 42 ارب 85 روپے سے زائد کا اضافہ جبکہ کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت 75.09 فیصد زائد اور 82.47 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ حکومتی مالیاتی اداروں ، مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے بینکنگ ، توانائی ، کیمیکل ، سیمنٹ اور دیگر سیکٹر میں نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 41467 پوائنٹس کی بلند سطح پر ریکارڈ کیا گیا تاہم فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا ۔ تاہم تیزی کا تسلسل سارا دن جاری رہا ۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 875.24 پوائنٹس اضافے سے 41339.22 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں ایک کھرب 42 ارب 85 کروڑ 8 لاکھ 38 ہزار 49 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 84 کھرب 95 ارب 66 کروڑ 6 لاکھ 97 ہزار 239 روپے ہوگئی ۔