کراچی یونیورسٹی کے ڈائریکٹر فنانس ظفر عباس اغوا قائم مقام چیف جسٹس سندھ نے آج ڈی جی رینجرز، سیکرٹری داخلہ سمیت حکام کو طلب کر لیا
کراچی (کرائم رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) گلشن اقبال سے جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر فنانس قاضی ظفر عباس کو اغوا کر لیاگیا۔ وہ گذشتہ روز گھر سے جامعہ کراچی جانے کے لئے نکلے تھے کہ سادہ لباس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے یونیفارم میں ملبوس افراد انہیں زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔ اغوا کی اس واردات کے بعد مغوی قاضی ظفر عباس کے گھر والوں نے گلشن اقبال پولیس کو اطلاع دی۔ تاہم فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے کسی بھی ادارے نے قاضی ظفر عباس کو حراست میں لینے کی تصدیق نہیں کی اور نہ ہی ان کا کوئی سراغ مل سکا۔ علاوہ ازیں قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس فیصل عرب نے قاضی ظفر عباس کی گمشدگی کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی رینجرز، سیکرٹری داخلہ، آئی جی سندھ سمیت دیگر کو آج عدالت طلب کر لیا ہے۔ قائم مقام چیف جسٹس فیصل عرب نے قاضی ظفر عباس کے عزیز کی جانب سے درخواست کو آئینی پٹیشن میں تبدیل کر دیا۔
ڈائریکٹر فنانس اغوا