رائیونڈ آپریشن، سرغنہ مولوی اسحاق سمیت مزید 3 دہشت گرد گرفتار
لاہور (این این آئی) سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں پنڈ ارائیاں میں مارے جانے والے دہشت گردوں کے سرغنہ مولوی اسحاق سمیت مزید تین مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ حساس اداروں نے حجرہ شاہ مقیم اوکاڑہ کے گائوں چک اٹھارہ ڈی میں کارروائی کرتے ہوئے مولوی اسحاق کو گرفتار کرلیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی۔ ذرائع کے مطابق ملزم نوجوان لڑکوں کو بہلا پھسلا کر دہشت گردی کی تربیت دیتا ہے اور رائے ونڈ آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دونوں دہشت گردوں کو اسی نے دہشت گردی کی تربیت دی تھی۔ ذرائع کے مطابق مولوی اسحاق کے ساتھ صدام اور نوید نامی دو مبینہ دہشت گردوں کو بھی پکڑ لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ایس پی انوسٹی گیشن صدر زاہد مروت نے کہا ہے کہ رائیونڈ کے علاقہ علاقہ پنڈ آرائیاں میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں زخمی ہونے والا دوسرا دہشتگرد بھی ہلاک ہوگیا ہے، دونوں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے تھا اور وہ نظام خلافت احیا کے لیے کام کررہے تھے، دہشتگردوں کا ہدف وزیر اعظم ہائوس تھا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں دہشتگرد مارے گئے ہیں ان میں سے ایک کا تعلق اوکاڑہ جبکہ دوسرے کا تعلق پاکپتن سے ہے۔
رائیونڈ آپریشن/ گرفتاریاں