چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی آج عہدے کا چارج چھوڑ دینگے
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی آج عہدے کا چارج چھوڑ دینگے۔ گذشتہ روز پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا آخری ہنگامی اجلاس قذافی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے ممبران نے نجم سیٹھی کے دور میں ہونے والے کاموں کی تعریف کرتے ہوئے انہیں سراہا جبکہ چیئرمین پی سی بی نے تعاون پر انکا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں نجم سیٹھی کے علاوہ ظہیر عباس، نوید اکرم چیمہ، شکیل شیخ، سبحان احمد چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی، بدر منظور خان چیف فنانشل آفیسر پی سی بی، سلمان نصیر سیکرٹری، تفضل رضوی اور امجد بھٹی نے شرکت کی۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے دور میں ہونے والے فیصلوں کی مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان سے منظوری لی گئی۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ میں نے عہدہ حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی بلکہ مجھے یہ ذمہ داری وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے سونپی گئی تھی۔ مجھے شروع میں عدالتوں کے مسائل کا سامنا رہا تاہم اﷲ کا شکر ہے کہ آہستہ آہستہ تمام مسائل ہوتے چلے گئے۔ بورڈ کے تمام معاملات کو کافی حد تک درست کر دیا ہے اب نئے چیئرمین کو زیادہ مسائل کا سامنا نہیں ہوگا۔ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے آخری اجلاس میں شہریار خان، اقبال قاسم،یوسف نسیم کھوکھر اور چودھری اعجاز نے شرکت نہیں کی۔