غزہ پر اسرائیل کے حملے 16ویں روز بھی جاری رہے جن میں مزید 56 فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا۔ ادھر اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل میں اسرائیل کیخلاف قرارداد منظور کی گئی جس کے تحت اسرائیل کی طرف سے غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی تحقیقات کرائی جائیں گی۔
اسرائیل 16 روز سے وحشیانہ بمباری کرکے نہ صرف نہتے فلسطینیوں کو شہید کر رہا ہے بلکہ فلسطین کو کھنڈرات میں تبدیل کر رہا ہے۔ پوری انسانیت اسرائیل کی اس بربریت پر سراپا احتجاج ہے لیکن مسلم ممالک بے حسی کا شکار ہیں۔ انہیں معصوم بچوں کی کٹی لاشیں نظر آ رہی ہیں نہ ہی ماتم کرتی مائیں بہنیں۔ لیبیا، عراق، شام اور اب فلسطین کیا اب کسی اور کی باری نہیں آئیگی؟ اس سوال کو سامنے رکھتے ہوئے مسلم ممالک اگر فلسطینیوں کی عسکری مدد نہیں کر سکتے تو کم از کم ان کی اخلاقی مدد تو کریں۔ اقوام متحدہ کی ہیومن رائٹس کونسل میں اسرائیل کیخلاف آنیوالی قرارداد میں 29 ارکان نے اسرائیل کیخلاف ووٹ دے کر اس ظلم عظیم کی مذمت کی ہے۔ برسہا برس سے اسرائیل کو شہ دے کر قرارداد کو ویٹو کرنیوالے امریکہ نے بھی اس دفعہ قرارداد کی صرف مخالفت کی ہے اس کو ویٹو نہیں کیا۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ ہر کوئی اسرائیل کے جنگی جرائم کو نفرت کی نگاہ سے دیکھ رہا ہے۔ 29 ممالک کو صرف قرارداد پر اکتفا نہیں کرنا چاہئے بلکہ اسرائیل کو جارحیت سے روکنے کیلئے کوئی لائحہ عمل بھی تشکیل دینا چاہئے تاکہ فلسطینیوں کی نسل کشی روکی جا سکے۔ آج جمعتہ الوداع کے موقع پر ملک بھر میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ یہ ریلیاں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے جا کر انہیں یادداشت پیش کریں تاکہ اسرائیل کو جنگ بندی پر مجبور کیا جا سکے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38