30جولائی سے حکومت مخالف تحریک کا آغاز کرینگے: شیخ رشید

25 جولائی 2011
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکمران خود کرپٹ اور چور لٹیرے ہیں ان کی اولادیں کمپیوٹرائزڈ ڈاکو ہونگی، لاہوریوں کو لسی پی کر سونے کی بجائے حکومت کے خلاف اٹھنا ہو گا، ہم 30 جولائی کو لاہور میں دوبارہ احتجاجی جلسے کے ذریعے حکومت مخالف تحریک کا آغاز کریں گے، نوازشریف مشکل وقت میں سرور پیلس بھاگ جاتے ہیں اور اب بھی وہ ایسا ہی کریں گے، ملک میں تبدیلی ناگزیر ہے چاہے وہ اسمبلیوں، عدلیہ، سڑکوں اور چوک چوراہوں کے ذریعے ہی کیوں نہ آئے۔ وزیراعظم کا خاندان انتہائی محنتی ہے اور سب کرپشن کے کام میں لگے ہوئے ہیں، ملک میں عدلیہ، بیورو کریسی سمیت تمام ادارے رسوا اور ذلیل ہو رہے ہیں اور ملک ٹوٹتا جا رہا ہے، قوم دودھ کی رکھوالی کے لئے بلے کو نہیں بیٹھائی گی۔ وہ پاکستان مسلم لیگ ہم خیال کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات میاں محمد آصف کی جانب سے حکومتی پالیسیوں کے خلاف منعقدہ احتجاجی جلسے سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر ق لیگ ہم خیال کے چیئرمین حامد ناصر چٹھہ، سابق رکن صوبائی اسمبلی اور مسلم لیگ فنکشنل کے سیکرٹری جنرل شیخ انور سعید، محمد رمضان بھٹی، ہم خیال کے ایڈیشنل سیکرٹری رضوان شیخ ، ملک محمد قیوم اور دیگر بھی موجود تھے۔
شیخ رشید