نوازشریف نے ملکی مفاد کا ڈرامہ رچاکر زرداری حکومت کو مضبوط کیا: عمران

25 جولائی 2011
لاہور + فیصل آباد+ شیخوپورہ (اپنے نمائندے سے+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ فیصل آباد سے انقلاب کا آغاز ہوچکا ہے، سیاسی مگرمچھوں نے ملک کو بہت لوٹ لیا اب ان کے دن ختم ہوگئے، (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو ڈرامے بازی بند کرنا ہوگی، چور چوروں کا احتساب نہیں کرسکتے، نواز شریف نے تین سال تک ملکی مفاد کا ڈرامہ رچا کر اپنے بھائی آصف زرداری کی حکومت کو مضبوط کیا، صوبائی وزیر قانون پاکستان میں میرے بنائے جانیوالے دماغی امراض کے ہسپتال کے پہلے مریض ہونگے، پانچ ہزار روپے ٹیکس ادا کرنے والے نواز شریف کی اس غربت پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے اُن کی مدد کی جانی چاہئے، فیصل آباد میں بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث 16 لاکھ مزدور بے روز گار ہوچکے ہیں اور وہ اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کی خاطر ڈکیتیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز فیصل آباد دھوبی گھاٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو ملک لوٹنے والی پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کا راستہ روکنا ہوگا، ملک میں جمہوریت لانے کی خاطر میڈیا نے بہت قربانیاں دی ہیں اور اس جدوجہد میں 6 صحافیوں کو قتل کیا جا چکا ہے، نوازشریف اور زرداری اوپر سے لڑائی اندر سے بھائی بھائی ہیں، آصف زرداری اور اسکے حواری تین سال سے ملک میں لوٹ مار اور چوریاں کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف نے فیصلہ کر لیا ہے کہ کرپٹ حکومت کو فوری طور پر عوام کے سر سے اتارا جائے، رمضان کے مہینے میں ہر ہفتے افطاری کے بعد اسلام آباد میں سحری کے وقت تک دھرنا دیں گے۔ گوجرانوالہ میں 25 ستمبر اور اسکے بعد لاہور میں جلسہ ہوگا۔ نوازشریف کے ساتھ اصل مقابلہ اب ہوگا نوازشریف لاہور کو اپنا گڑھ کہتے ہیں انشاءاللہ لاہور سے ہی نوازشریف کی سیاست کا صفایا کرونگا، نوازشریف نے ہمیشہ ایمپائرز کو ساتھ ملا کر میچ کھیلا ہے جبکہ میں ہمیشہ فیئر پلے کھیلتا رہا ہوں آئندہ الیکشن میں زرداری نے دھاندلی کی کوشش کی تو ملک میں خون خرابہ ہوگا۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر قانون کی طرف سے اپنے متعلق دیئے گئے بیان کے حوالے سے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے پرویز رشید اور رانا ثناءاللہ کو اسی لئے اپنا منشی بنا کر نوکریوں پر رکھا ہوا ہے کہ ان کی کرتوتوں پر سے پردہ اٹھانے والوں کےخلاف مراثیوں والا کردار ادا کریں۔ مجھ پر ایجنسیوں کا آلہ کار ہونے کا الزام لگانے والے پہلے نواز شریف سے یہ تو پوچھنے کی جرات کریں کہ آپ نے تو خود جنرل جیلانی اور جنرل ضیاءالحق کی سیاسی گود سے سیاست مےں قدم رکھا تھا اور اس کے نتیجے مےں دونوں بھائیوں نے اربوں ڈالر کی لوٹ مار کر کے بیرون ملک رقم اور جائیدادیں بنا رکھی ہےں۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق استقبالی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ کل تک زرداری اور نواز شریف ایک دوسرے کو محض اقتدار کے حصول کی خاطر چھوٹا بڑا بھائی قرار دے رہے تھے اور آج 3 سال کے بعد ایک بار پھر عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے دونوں نے نورا کشتی شروع کررکھی ہے، اس موقع پر ضلعی آرگنائزر ڈاکٹر محمد اشرف گھمن، سابق ضلعی صدر چودھری مسعود آفتاب بسرائ، ضلعی صدر تاجر ونگ چودھری زوار حسین گھمن، ضلعی صدر شعبہ خواتین ونگ سیدہ حمیرہ علی کاظمی، سینئر رہنما و پارٹی ٹکٹ ہولڈر چودھری معراج خالد گجر، خادم حسین بھٹی، ملک وقار یوسف ڈوگر، محمد یوسف علوی، فرخ جاوید آصف، خالد محمود کمبوہ، سید محمد علی شاہ، انیس ریاست ورک اور دیگر رہنما موجود تھے۔ مانانوالہ مےں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان مےں انقلاب برپا کرنے کےلئے میاں برادران اور آصف زرداری سے جان چھڑانی ہوگی۔
عمران خان

نفس کا امتحان

جنسی طور پر ہراساں کرنے کے خلاف خواتین کی مہم ’می ٹو‘ کا آغاز اکتوبر دو ...