وزیرخارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیریوں کی اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یٰسین ملک کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے دوران کیا، حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی پرامن جدوجہد کا حامی ہے اور پاک بھارت مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے کشمیریوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کی جانب سے اعتماد کی بحالی کے لیے کیے گئے اقدامات حوصلہ افزا ہیں جن میں مزید بہتری کی گنجائش ہے۔اس موقع پرکشمیری رہنما یٰسین ملک نے پاک بھارت مذاکرات کے عمل کو مسئلہ کشمیر کے لیے خوش آئند قرار دیا۔