ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کراچی کے عوام سے امن کی اپیل کر دی۔ان کا کہنا ہے کہ بہت ہوچکی اب شہر قائد میں قتل وغارت بند ہوجانی چاہیے۔
لندن سے جاری اعلامیہ میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ کراچی میں قتل وغارت گری بند ہونی چاہیے سب کی جانیں عزیز ہیں کوئی کسی کا خون نہ کرے ۔ایم کیوایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پیپلزپارٹی ، اے این پی ، ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں کے رہنما و کارکنان صبر و تحمل اور برداشت سے کام لیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوتوں خصوصا امریکہ کے رویئے کی وجہ سے پاکستان کی مسلح افواج اور دفاعی ادارے سخت مشکل میں ہیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ ملک کی خودمختاری ، خود داری اور غیرت کا سودا نہیں کریں گے۔ خواہ اس کے لیے کتنی ہی قربانیاں کیوں نہ دینا پڑیں۔