عدالتوں کے فیصلوں کا ہمیشہ احترام کیا ،ظفر قريشی کا معاملہ بھی جلد حل کرلیں گے۔ ایم کیو ایم والے اسمبلی میں جہاں مرضی بیٹھیں وہ ہمارے ہی رہیں گے۔ یوسف رضا گیلانی

25 جولائی 2011 (13:36)
اسلام آباد میں مینگو فیسٹول کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ صدر، گورنرسندھ، وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر داخلہ سندھ نے کراچی میں امن و امان کے قیام کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ق لیگ کے فارغ ہونے والے وزراء کو نئی وزارتیں دی جائیں گی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم والے اسمبلی میں جہاں بھی بیٹھیں وہ ہمارے ہی ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ بھارت سمجھ گیا ہے کہ خطے میں امن کے لیے اب مذاکرات کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ انھوں نے کہا کہ شہباز شریف کے پنجاب سے متعلق تحفظات دورکریں گے۔