اسلام آباد، راولپنڈی میں تیز ہواؤں کے ساتھ ساتھ موسلا دھار بارش، نشیبی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجادئیے گئے ۔
راولپنڈی، اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث شہر سے گزرنے والے نالہ لئی میں ممکنہ سیلابی خطرے سے نمٹنے کیلئے راولپنڈی بھر میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ حالات سے نمٹنے کے لیے فوج سے بھی مدد طلب کرلی گئی ہے۔ بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آنے سے مقامی افراد کو حفاظتی تدابیراستعمال کرنے کی ہدایات کردی گئی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں پانی کے بہاؤ کوکنٹرول کرنے کے لیے راول ڈیم کے سپل وے کھول دئیے جائیں گے جبکہ راول ڈیم انتظامیہ کاکہنا ہے کہ ڈیم میں پانی کی سطح پہلے ہی انتہائی بلند سطح پرپہنچ چکی ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر،سندھ ،شمال مشرقی بلوچستان ، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کہیں کہیں تیز ہوائیں چلنے کے علاوہ گرج چمک کیساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔