ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے شمائلہ رانا کا استعفیٰ منظور کرلیا

25 جولائی 2009 (14:37)
لاہور (خبرنگار خصوصی) پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے کریڈٹ کارڈ چوری سکینڈل میں ملوث رکن اسمبلی شمائلہ رانا کے استعفے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ اب پنجاب اسمبلی کا ایوان 370 اراکین پر مشتمل ہوگا۔ پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر رانا مشہود خان نے شمائلہ رانا کے استعفے کی منظوری کا اعلان اسمبلی سیکرٹریٹ میں ایک پریس کانفرنس میں کیا اور کہا کہ یہ مسلم لیگ (ن) کی نشست تھی۔ اب چونکہ الیکشن کمیشن کے پاس مسلم لیگ (ن) کی خواتین کی فہرست میں اور کوئی خاتون نہیں لہٰذا مسلم لیگ (ن) اس حوالہ سے عدالت سے رجوع کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اچھی روایت قائم ہوئی ہے کہ کسی ایک جماعت کی رکن اسمبلی پر لگنے والے الزام کے بعد اس جماعت نے ان سے استعفیٰ طلب کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ استعفیٰ شمائلہ رانا نے اپنی والدہ کے ہمراہ انکی رہائشگاہ پر آکر دیا۔