میکرو اکنامک ڈویلپمنٹ کے بغیر بحرانوں سے نجات ممکن نہیں: وزیراعظم

25 جولائی 2009 (14:37)
لاہور (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ جمہوری حکومت کو ملک سے سیاسی خلفشار کے خاتمہ، عدلیہ کی بحالی، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، اقتصادی و معاشی ترقی اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے سمیت انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بہت حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے، میکرو اکنامک ڈویلپمنٹ کے بغیر بحرانوں سے نجات ممکن نہیں، کامیاب بیورو کریسی وہی ہے جو عوامی مسائل کے حل اور ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے بے لوث خدمات سرانجام دے، موجودہ حکومت کو معاشی بحران سمیت بہت سے ایسے مسائل ورثہ میں ملے جن کی تاریخ میں پہلے مثال نہیں ملتی، سیاسی اور جمہوری قوت کی مشاورت سے اور پارلیمنٹ کے ذریعہ حکومتی پالیسیوں سے ایسی شقوں کا خاتمہ کر دیا گیا ہے جو عوام کو سہولیات کی فراہمی میں رکاوٹ تھیں، حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے بزنس پالیسی رولز میں اصلاحات لائی جائیں تاکہ عوام کو جمہوریت کے حقیقی ثمرات سے مستفید کیا جا سکے۔ وہ ہفتہ کے روز نیشنل مینجمنٹ کالج و نیشنل سکول آف پبلک پالیسی لاہور میں پانچویں سنیئر مینجمنٹ اور 90 ویں نیشنل منیجمنٹ کورس کے شرکاءمیں تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ گورنر پنجاب سلمان تاثیر ¾ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسماعیل قریشی ¾ ریکٹر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید حسن اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کا یہ موقف بالکل واضح ہے کہ ہم جمہوری ¾ خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور ہمسایہ ممالک میں بھی امن کا خواہاں ہے۔