شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی ادارے کی رپورٹ فردِ جرم ہے، کرپٹ حکمرانوں کو چاہیے کو وہ مستعٰفی ہوں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے مسلسل دوسری بارگواہی دی ہے کہ عمران نیازی حکومت کرپٹ اور چور ہے۔ عالمی ادارے کی رپورٹ فرد جرم ہے، کرپٹ حکمران استعفیٰ دیں، ملک ان کی لوٹ مار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔شہبازشریف نے کہا کہ عمران نیازی کی وزارت عظمیٰ میں پاکستان کرپشن میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے، دنیا کہہ رہی ہے کہ وزیراعظم چور ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے کرپشن کے عالمی انڈیکس میں پاکستان کا 16 درجے مزید نیچے جانا افسوس ناک ہے، دکھ ہے کہ عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی۔
قائدِ حزبِ اختلاف نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی ایمان دار اور اہل قیادت میں پاکستان میں کرپشن میں کمی آئی تھی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گڈ گورننس، شفافیت اور قانونی اصلاحات سے پاکستان کی کرپشن انڈیکس میں رینکنگ 23 درجے بہتر ہوئی تھی، افسوس موجودہ کرپٹ ٹولے نے ساری محنت ضائع کردی۔صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں پاکستان کی رینکنگ بہترہوکر117 پر آگئی تھی، عالمی سطح پر پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا تھا۔ آٹا،چینی، بجلی، گیس، دوائی، یوریا، ایل این جی،کورونا سمیت ہر شعبے میں کرپشن ہوگی تو پاکستان کرپشن انڈیکس میں 124 سے 140 پر کیوں نہیں جائے گا؟شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا کہ کرپشن کرپشن کا شور مچانے والوں کی ہر روز چوریاں پکڑی جا رہی ہیں، دوسروں پر بے بنیاد الزامات لگانے والوں کوعالمی ادارے چوراور کرپٹ قراردے رہے ہیں۔ 2019 سے 2021 تک ہرسال پی ٹی آئی کے دور میں پاکستان میں کرپشن بڑھی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہر سال کرپشن میں کمی واقع ہوئی۔قائدِ حزبِ اختلااف کا کہنا ہے کہ اگر وزیراعظم اور اس کی ٹیم ایماندار ہو تو اس کا اثر نیچے نظر آتا ہے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ اس امر کا واضح ثبوت ہے۔ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ پاکستان کرپشن میں 14 ممالک سے نیچے چلا گیا ہو۔صدر مسلم لیگ ن نے مذید کہا کہ ای آئی یو کا 40 فیصد اور ورلڈ اکنامک فورم کا 5 فیصد پاکستان کے اسکور کو کم کرنا پی ٹی آئی کی کرپشن پر فردِ جرم ہے۔