کسان تو حکومت سے خوش، پیپلز پارٹی کون سی ٹریکٹر ٹرالی لے کر جائیگی: گورنر سندھ
کراچی (نیوز رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل نے گورنر ہاؤس میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ کے بعد ساری دنیامیں مہنگائی کاطوفان آیا ہے اور جس کے اثرات پاکستان پر بھی پڑے، وزیراعظم عمران خان اس حوالے سے کوششیں کررہے ہیں کہ مہنگائی میںکمی ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں یورپ، امریکہ اورہندوستان سے مہنگائی کم ہوئی پھربھی جوہوئی اسمیں مصنوعی مہنگائی کا عنصر بھی شامل ہے۔ آٹے کی اگربات کریں تو 1200 ٹن آٹاحکومت سندھ رلیزکرتی ہے، لیکن اب گیارہ سوکردیاگیاہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت بتائے کہ شارٹ ٹرم کٹوتی کیوں کی گئی، یہ ان کی سیاسی مہم کاحصہ معلوم ہوتا ہے۔انہوں نے مذید کہا کہ چارلاکھ ٹن گندم گوداموں میں رکھی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرسندھ کے پاس گندم نہیں تووفاق کولکھے پاسکوسے ہم 48گھنٹے میں رلیزکرواکردیتے ہیں ۔گورنر سندھ نے کہا کہ ہمارے صوبے کے ساتھ بہت زیادتی کی جارہی ہے، عمران خان کوشش کررہے ہیں کہ صوبہ سندھ کی عوام تک راشن کارڈ پہنچائیں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ میں لاقانونیت عروج پرہے، ٹنڈوالہ یارواقعے کولسانیت کارنگ دیا جارہا ہے، سندھ حکومت صاف اورشفاف تحقیقات کروائے تاکہ لسانیت کوہوانہ ملے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کاشت کار اور کسان موجودہ حکومت سے انتہائی خوش ہیں لیکن پیپلز پارٹی کونسی ٹریکٹر ٹرالی لیکر جائے گی یہ معلوم نہیں کیونکہ ان کا اپنا پلان ہی کلیئر نہیں ہے۔ ایک اور سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ کے فور منصوبے پر کام شروع ہو گیا ہے، وفاقی حکومت کو اپنے اتحادیوں کی جتنی ضرورت ہے اتنی ہی ضرورت ایم کیو ایم کو بھی وفاقی حکومت کی ہے، اتحادی ہر مشاورت میں شامل رہتے ہیں۔