کرونا،8 اموات، 7195 نئے کیسز، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر62 سکول، 15 ہوٹل سیل
اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، ہارون آباد (خبر نگار+ اپنے نامہ نگار سے+ جنرل رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں+ نامہ نگار) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 7 ہزار 195 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 8مریض اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 12 اعشاریہ 53 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ زیرعلاج مریضوں میں سے 1 ہزار 113 کی حالت تشویشناک ہے۔ کراچی میں کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے بعد انتظامیہ نے ضلع جنوبی کے 3 سب ڈویژنز میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے۔ تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر کراچی کے ایکسپو ویکسی نیشن سینٹر میں عملے نے ایک بار پھر کام بند کردیا۔ دوسری جانب اسلام آباد میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایکشن لیتے ہوئے 62 سکول اور 15 ہوٹل سیل کر دیئے گئے جبکہ آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر محمد اعجاز الحق کرونا میں مبتلا ہو گئے۔ ضلعی عدلیہ لاہور کے سات ججز کرونا کا شکار ہو گئے ہیں۔ ایڈیشنل سیشن جج میاں مدثر عمر، ایڈیشنل سیشن جج ثمینہ حیات، کاشف قیوم کرونا کا شکار ہو گئے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ماڈل ٹاؤن کچہری حارث منیر بھی کرونا سے متاثرین میں شامل ہیں جبکہ سول جج محمد انور اور سول جج صبا قمر کرونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ سیشن جج لاہور نے سات ججز کے سٹاف کو اپنا کرونا ٹیسٹ کرانے کا حکم دے دیا۔ پشاور زلمی کے کامران اکمل اور ارشد اقبال کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ راولپنڈی میں ہولی فیملی اور بینظیر بھٹو ہسپتال اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مری کے ایک ڈاکٹر سمیت لیب عملہ کے 11 افراد کرونا کا شکار ہوگئے جبکہ متعدد کیس سامنے آنے پر 5 سکولوں کو سربمہر کردیا گیا۔