لاہور میں وارداتیں: شہری لاکھوں کی نقدی‘ زیورات‘ کاروں‘ موٹر سائیکلوں سے محروم
لاہور (نامہ نگار) لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوؤں نے لیاقت آباد کیعلاقے میں حبیب اکرم کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر5لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، جنوبی چھاؤنی کے علاقے میں انتصار اور اس کی فیملی سے4لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون، بادامی باغ کے علا قے میں خالد اور اس کی فیملی سے 2 لاکھ 70ہزار روپے مالیت کی نقدی، زیورات اور موبائل فون، ساندہ کے علا قے میں شرافت علی اور اس کی فیملی سے2 لاکھ روپے مالیت کی نقدی و طلائی زیورات، چوہنگ میں کبیر احمد سے 2 لاکھ روپے اور موبائل فون، قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے علاقے میںحاجی نذیر سے ڈیڑھ لاکھ روپے اور موبائل فون، ٹاؤن شپ میں منور سے 23ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا اور فرار ہو گئے ہیں۔ چوروں نے مستی گیٹ کے علاقے میںعامرکی دکان سے ڈھائی لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور دیگر سامان چوری کر لیا ہے ۔ چوروںنیمسلم ٹاؤن اور گلشن راوی کے علاقوںسے 2کاریں، مزنگ کے علاقے سے رکشہ جبکہ داتا دربار، لوئر مال، لٹن روڈ ، سمن آباد، نیو انارکلی، ریس کورس اور نواب ٹاؤن کے علاقوں سے7 موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔