لاہور دھماکہ: سیف سٹی کیمرہ ناکارہ ہونے کا انکشاف تشویشناک: حمزہ
لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں حمزہ شہباز نے لاہور دھماکے کی تحقیقات اور وزیراعظم کی تقریر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور دھماکے کی تحقیقات میں سیف سٹی کیمرہ ناکارہ ہونے کا انکشاف تشویشناک ہے۔ دیگر منصوبوں کی طرح 18 ارب کی لاگت سے لگنے والے اس عوامی منصوبے کو بھی تحریک انصاف کی نااہلی کا دیمک چاٹ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم اور کٹھ پتلی وزیراعلیٰ، شہباز شریف کے لگائے منصوبوں کا کریڈٹ لینے ڈھٹائی سے پہنچ جاتے ہیں۔ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پاکستان اور بالخصوص پنجاب کو کاری ضرب لگائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز بھی ایک ہارا ہوا شخص اپنی نااہلی اور بد انتظامی پر پردہ ڈالنے کے لئے لایعنی بھاشن دے رہا تھا۔ سیاسی انتقام کے تحت بنائے گئے جھوٹے کیسز میں چار سالوں میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ ہو سکی۔ عمران نیازی صاحب بتائیں کہ توشہ خانے کا حساب کب قوم کو دیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ فارن فنڈنگ کیس میں سکروٹنی کمیٹی کی چشم کشا رپورٹ پر ان کی زبان گنگ ہو جاتی ہے۔ ملکی سلامتی داؤ پر لگانے معیشت کو زندہ درگور کرنے اور عوام کو مہنگائی کی کھائی میں دھکیلنے کا یوم حساب قریب آ گیا ہے۔ عمران خان اور ان کا نااہل کرپٹ ٹولہ عوامی عدالت میں حساب دینے کی تیاری پکڑیں۔