والٹن ایئر پورٹ خالی کرانے پر سول ایو ی ایشن، ایئر کرافٹ اونرز کے مابین رسہ کشی
راولپنڈی (اکمل شہزاد سے) پاکستان سول ایوی ایشن اور ایئر کرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن کے درمیان والٹن ایئر پورٹ خالی کرانے پر رسا کشی شروع ہو گئی، پاکستان سول ایوی ا یشن کی جانب سے وہاں موجود فضائی کمپنیوں کو دو روز میں ایئر پورٹ خالی کرنے کا مراسلہ جاری کردیا اور وہاں موجود تمام مشینری ، جہاز و دیگر سامان مریدکے شفٹ کرنے کا حکم دے دیا،پاکستان سول ایوی ایشن کے مطابق ایئر پورٹ کو خالی کرنے کاحکم عدالت کی جانب سے بھی دیا جا چکا ہے جبکہ ایئر کرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق ہائیکورٹ نے متبادل جگہ دینے کے بعد ایئر پور ٹ خالی کرنے کا حکم صادر کیا تھا، مریدکے ایئر پورٹ کا تو ابھی تک رن وے ہی تیار نہیں ہوا، نہ ہی وہاں ابھی ان حالات میں مشینری شفٹ کی جا سکتی ہے، پاکستان سول ایوی ایشن کے اعلی حکام کے مطابق یہ جگہ سول ایوی ایشن کی ہے اور پنجاب حکومت اس کو خالی کرانے کی منظوری کیبنٹ سے بھی کروا چکی ہے ، لہذا اس جگہ کو دو روز کے اندر خالی کرایا جائے، دوسری جانب فضائی کمپنیوں کی ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم کو کھلا خط بھی جاری کردیا جس کے مطابق اس وقت والٹن ہوائی اڈے کو صرف زمینی کلاسوں، طیاروں کی ڈیزائن مرمت اور مینوفیکچرنگ کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، پی سی اے اے کی جانب سے دیگر ہوائی اڈوں پر اس وقت تک منظوری نہیں دی جا سکتی جب تک اسٹیک ہولڈرز کو ہینگرز کی سہولیات حاصل نہ ہوں۔