حقیقت میں ٹریکٹر ٹرالی احتجاج سندھ حکومت کیخلاف تھا: فرخ حبیب
اسلام آباد (اے پی پی) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ آج ثابت ہوگیا ہے سچ کتنا کڑوا ہوتا ہے، شریفوں کے ذاتی ملازمین اپنی نوکریاں پکی کرنے کے لئے پریس کانفرنس میں تڑپتے نظر آرہے تھے۔ پیر کو مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ایک اور بات نے ان کی نیندیں اڑا کے رکھ دیں ہیں، بتائیں کہ کریمنل کو کریمنل نہ کہیں تو اور کیا کہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ شریف ڈاکٹرائن یہ ہے کہ جب عدالتیں خلاف فیصلہ دیں تو ان پر حملہ آور ہوجائیں۔ پوری قوم جانتی ہے کہ سپریم کورٹ پر حملہ کرنے والے کون تھے، شریفوں نے کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کر کے کرپشن کونافذ العمل کر لیا ہے۔ معاون خصوصی شہباز گل نے مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل میں کہا ن لیگ خواتین کارڈ کھیل رہی ہے۔ ن لیگ نے 3، 4 عورتوں کو کرائے پر رکھا ہوا ہے۔ ان کو انہی کی زبان میں جواب دیا جائے تو عورت کارڈ باہر جاتا ہے۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا ہے کہ آج سندھ کے کسانوں، ہاریوں اور مزدوروں نے سندھ کے کرپٹ حکمرانوں کے خلاف فیصلہ دیدیا ہے، حقیقت میں آج کا کسان ٹریکٹر ٹرالی احتجاج سندھ حکومت کے خلاف تھا۔ آج سندھ کا کسان،ہاری اور مزدور بھوکا سو رہا ہے تو اسکی ذمہ دار بھی پیپلز پارٹی ہی ہے، پیپلز پارٹی 13 سالوں سے سندھ پرحکومت کررہی ہے لیکن کسانوں کے لئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا۔ آج بھی سندھ میں کاشتکاروں اور چھوٹے زمیندار کو پانی نہیں ملتا، پرچی چیئرمین بتائیں کہ سکھر اور کوٹری سمیت سندھ میں پانی چور کون ہیں؟۔