سری لنکن وزیر تجارت کی ملاقات، دفاع سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے مواقع موجود: شاہ محمود
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) سری لنکا کے وزیر تجارت ڈاکٹر بندولا گناوردھنا نے ریاستی وزیر برائے علاقائی تعاون مسٹر تھراکا بالاسوریا کے ہمراہ وزارت خارجہ میں شاہ محمود سے ملا قات کے دوران دو طرفہ تعلقات،کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، زراعت اور دفاع سمیت باہمی دلچسپی کے بہت سے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سارک فورم کو موثر بنانے کیلئے سری لنکا کے ساتھ مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کیلئے پر عزم ہیں۔ سیالکوٹ میں پیش آنے والے المناک واقعہ میں مسٹر پرینتا کمارا کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے، اس واقعہ کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دلوانے کیلئے، حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر بندولا گنا وردھنے نے حکومت پاکستان کی جانب سے سیالکوٹ کیس کی جلد سماعت کی یقین دہانی اور معاوضے کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ ادھر شاہ محمود قریشی نے ترکمانستان کے ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ اہم علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے پاک ترکمانستان تجارتی اور اقتصادی روابط بڑھانے پر زور دیا۔ اقتصادی فریم ورک کو مزید فعال بنانے پر اتفاق ہے۔سری لنکا کے وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں سری لنکا کا دیرینہ دوست اور اہم تجارتی پارٹنر ہے اور سری لنکا پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے جس سے دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔