میمن برادری شادی کی تقریبات اتوار کوظہرانے پر رکھے، عبد الرحیم جانو
کراچی(کامرس رپورٹر)میمن لیڈر شپ فورم (گلوبل) کے صدر عبد الرحیم جانو اور میمن لیڈر شپ فورم (پاکستان چیپٹر) کے چیئرمین اختر یونس عرفا نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں بالخصوص میمن برادری اور باالعموم ملک کے تمام افراد سے اپیل کی ہے کہ شادی بیاہ خصوصاََ نکاح اور رخصتی کیلئے اتوار کے روز ظہرانے پر اپنے پروگرام رکھنے پر ترجیح دیں کیونکہ اکثر شادی بیاہ کے پروگرام رات میں رکھے جاتے ہیں جو بے انتہا رسومات و دیگر وجوہات کی وجہ سے تاخیر سے اختتام پذیر ہوتے ہیں جسکی وجہ سے نوکری پیشہ افراد جنہیں اگلے روز صبح کام پر جانا ہوتا ہے نیند کی کمی سے ان کو صحت کے مسائل کا سامنا درپیش ہے، اگر اتوار کو ظہرانے پر پروگرام رکھے جائیں تو نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ شادی ہال وغیرہ کا کرایہ بھی نسبتاََ کم ہوتا ہے جسکی وجہ سے مالی طور پر بھی فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ عبدالرحیم جانو نے کھانے میں سادگی اختیار کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ کھانے میں ون ڈش کی وجہ سے خصوصاََ غریب افراد کی حوصلہ افزائی ہو گی اس کے علاوہ جو بے تحاشہ کھانا ضائع ہوجا تا ہے اس سے بھی فرق پڑے گا ۔