گڈو پولیس مساجد کو بھی تحفظ فراہم نہ کرسکی
کشمور (نامہ نگار) پولیس امن امان کی صورتحال بہتر کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ۔ کشمور کے علاقے گڈو تھانے کی حدود میں سے ایک کلومیٹر کے اندر گاؤں امان اللہ کھوسو کی حضرت عمر مسجد، گاؤں جفرآباد کی محمد یوسف مسجد، امن سٹی کے قریب مسجد سے نامعلوم چور بیٹریاں چوری کرکے لے گئے،گڈو پولیس نے واقعے سے لاعلمی کااظہار کرتے ہوئے خبر کو جھوٹا قرار دے دیا ،دوسری جانب سعید احمد کھوسو و دیگر کا کہنا تھا کہ گڈو شہر کے قریب مین روڈ کے قریب کے گاؤں سے نماز فجر کے بعد مساجد سے بیٹری چوری ہوئی تھی جس کی درخواست بھی گڈو تھانے پر درج ہے، گڈو پولیس کسی بھی قسم کی بات سننے کو تیار نہیں ہے، 3مساجد سے بیٹریاں چوری ہونا پولیس کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے تو ہم محفوظ نہیں تھے اب اللہ کا گھر بھی محفوظ نہیں ہے، ہم ایس ایس پی کشمور واعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ معاملے کا نوٹس لیکر مساجد سے چوری کی گئی بیٹریاں فوری طور پر واپس کروائی جائیں۔