روزگار کی فراہمی کیلئے سندھ میں نئے انڈسٹریل رومز قائم کرنے کا فیصلہ
سکھر /گھوٹکی (بیورورپورٹ/نامہ نگار) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے ضلع گھوٹکی میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزگار کے مواقع کی فراہمی کے لئے نئے انڈسٹریل زونز قائم کررہے ہیں۔دھابیجی اور خیرپور میں نئے انڈسٹریل زونز قائم کئے جارہے ہیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے مذید کہا کہ لاڑکانہ انڈسٹریل زون قائم کردیا گیا ہے۔لاڑکانہ انڈسٹریل زون میں بیلیٹنگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ صنعت کار اپنی صنعتیں قائم کریں۔ ہم ان کو خصوصی مراعات دینگے انہوں نے کہا کہ سندھ اسمال انڈسٹریز کے تحت ضلع کی سطح پر بہتری لائی جائے گی۔ ضلع کی سطح پر انڈسٹریل پارکس قائم کئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خواہش ہے کہ صوبے میں زیادہ سے زیادہ صنعتیں قائم ہوں۔ ہم سندھ سے بیروزگاری کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات پورے ملک کا مسئلہ ہے۔ سندھ کے انڈسٹریل زونز میں بھی تجاوزات ہیں۔ انڈسٹریل زونز میں قائم تجاوزات کے خاتمے کے لئے کام کررہے ہیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ انڈسٹریل زونز میں انفرااسٹرکچر بھی بہتر کیا جا رہا ہے۔ ترقیاتی کام کئے جارہے ہیں۔ تاہم وفاقی حکومت کی عدم تعاون کی پالیسی کے باعث مسائل بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے صنعتی پیداوار کو بہت متاثر کیا ہے۔سندھ میں پیدا ہونے والی گیس سندھ کو ہی نہیں مل رہی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر سطح پر مقابلہ کررہی ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ ہم سندھ کے عوام کو کبھی مایوس نہیں کریں گے اور ہر سطح پر عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔