سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کیخلاف خواتین آج مظاہرہ کرینگی
حیدرآباد(نامہ نگار )جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی قائمقام ناظمہ ضلع حیدرآباد فراز کشور اور نائب ناظمہ غزالہ زاہد نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ جان بوجھ کر شہریوں کو گیس سے محروم رکھا جارہا ہے، ایل پی جی اتنی مہنگی ہے کہ غریب کی پہنچ سے دور ہے۔ گیس لوڈشیڈنگ نے خاتون خانہ کو سو جتن کرنے پر مجبور کر دیا ہے کیونکہ چولہا جلانے کیلئے لکڑیاں جلانا پڑتی ہیں، تب کہیں جا کر کھانا تیار ہوتا ہے، سوئی گیس ایک بنیادی ضرورت بن چکی ہے مگر حکمران جس طرح عوام کو تعلیم، صحت،روزگار اور چھت جیسی ضروریات فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں، اسی طرح سوئی گیس جیسی سہولتیں بھی ناپیدہوچکی ہیں۔حکمرانوںنے انتخابات میں توانائی بحران پر قابو پانے اور لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے بلند و بانگ دعوے کیے تھے ۔حکومت اپنے وعدوں کو پورا نہیں کر سکی اور پورے ملک میں عوام گیس کی لوڈشیڈنگ کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے باعث پہلے ہی غریب لوگوں کا برا حال ہے اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث ہوٹلوں سے کھانے کی اشیاء مہنگے داموں خرید نے کی سکت عوام میں نہیں ہے، لیکن شہری ہوٹلو ں سے مہنگے داموں کھانا لینے پر مجبور ہیں۔ انہوںنے مزید کہا بنیادی ضروریات زندگی عوام کی پہنچ میں ہوناچاہیے لیکن حکومتیں سب سے زیادہ نشانہ بنیادی ضروریات زندگی کوبناتی ہیں۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ حیدرآباد میں سوئی گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع حیدرآباد کے تحت 25جنوری بروز منگل کو سوئی سدرن گیس کمپنی ہیڈ آفس قاسم آباد کے سامنے خواتین سوئی گیس کی بندش کے خلاف بھر پور احتجاجی مظاہرہ کریں گی۔