صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی کے حکومتی دعوے ہوا ہوگئے
لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) تعلیمی ایمرجنسی کے حکومتی دعوے ہوا ہو گئے، جدید دور میں بھی بچے زمین پر بیٹھ کر پڑھنے پر مجبور ہیں، لاڑکانہ شہر کے نودیرو بائے پاس چوک کے قریب گورنمنٹ پرائمری اسکول عمرانی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، اسکول میں فرنیچر، واش روم اور بجلی نہ ہونے پانی کی قلت سے اساتذہ اور شاگردوں کو درس و تدریس میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس حوالے سے اسکول کے ہیڈ ماسٹر عنایت اللہ پٹھان نے بتایا کہ اسکول میں داخل چار سو بچے بچیوں کے بیٹھنے کے لیے صرف دس بینچز موجود ہیں، فرنیچر کی قلت کے باعث شدید سردی میں معصوم بچے زمین پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ تعلیمی افسران کو متعدد مرتبہ تحریری طور پر بھی آگاہی دی لیکن مطلوبہ سہولیات فراہم کر کے داد رسی نہیں کی گئی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسکول کو مطلوبہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ بچے اپنی تعلیم بہتر طریقے سے حاصل کرسکیں۔