معاشی بدحالی سے عوام خودکشیوں پر مجبور ہیں: یحییٰ قادری
حیدرآباد ( نامہ نگار/پی پی آئی) تحریک لبیک پاکستان کے صوبائی ناظم اعلی صوفی یحییٰ قادری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں اور نا اہلی کی سزا عوام بھگت رہے ہیں کبھی پیٹرول بم اور اور کبھی مہنگی بجلی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط حکمت عملی کے باعث روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی سے عوام کی معاشی حالت خستہ ہو چکی ہے اور عوام اب خودکشیوں پر مجبور ہیں۔ صوفی یحییٰ قادری نے کہا کہ ریاست مدینہ کے دعویدار ریاست مدینہ کا پہلا اصول ہی بھول چکے ہیں وہ یہ ہے کہ ریاست کا کوئی بھی باشندہ حتیٰ کہ جانور تک بھوکا نہ سوئے مگر موجودہ دور میں لوگ دو وقت کے کھانے کو ترس چکے ہیں اور روز مرہ استعمال کی اشیائے صرف عوام کی قوت خرید سے باہر ہو چکی ہیں عوام موجودہ حکومت سے بیزارہوچکے ہیں اور سمجھ چکے ہیں کہ اب نظام مصطفیٰ ہی ان کے درد کا مداوا کر سکتا ہے۔