240بسوں کی خریداری کیلئے ادائیگی کر دی
کراچی (نیوز رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی،مشیر قانون و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ ضلع وسطی اور غربی میں 22 نئی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی،شاہراہ نور جہاں کی تعمیر کا آغاز کیا جا رہا ہے،جہانگیر پارک کی طرز پر گلبرگ میں اقبال پارک تعمیر کر رہے ہیں، کراچی کے لئے 240بسوں کی خریداری کے لئے ادائیگی کردی گئی ہے،50 بسیں 31جنوری کو کراچی پہنچ جائیں گی،علاقے کے منشیات اور اسٹریٹ کرائم کے مسائل حل کریں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی۔19 نارتھ ناظم آباد میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم، ضلع وسطی کے صدر مسرور احسن، ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہ سلیم اور بلدیہ وسطی کے افسران بھی موجود تھے، کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے پانی، سیوریج، سڑکوں اور اسٹریٹ کرائم سے متعلق مسائل سے ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کو آگاہ کیا،انہوں نے کہا کہ بھٹو کالونی ای بلاک سے لائنیں بوسیدہ ہونے کے باعث پانی ضائع ہوتا ہے اور مکینوں کو نہیں ملتا، ٹینکرز کے ذریعے پانی کی خریداری کی سکت نہیں رکھتے لہذا اس مسئلے کو حل کیا جائے اور علاقے میں سیوریج کی لائنیں درست کرائی جائیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ کراچی میں ماضی میں خون کی ہولی کھیلی گئی، بوری بند لاشیں ملتی تھیں اب اس مسئلے کو حل کرلیا گیا ہے، پولیس افسران کو اپنے دفتر بلاؤں گا اور ہم مل کر اسٹریٹ کرائمز کے مسئلے کا حل بھی نکالیں گے،انہوں نے کہا کہ اس شہر میں پانی کے سنگین مسائل ہیں جس کی بنیادی وجہ آبادی میں اضافہ ہے تاہم صوبائی حکومت کی کوششوں سے 130 ایم جی ڈی پانی کراچی کو جلد ملنا شروع ہوجائے گا،ضلع وسطی میں 100 پارکوں کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے جس سے علاقہ مکینوں کو بہتر تفریحی سہولیات میسر آئیں گی، نارتھ ناظم آباد میں قلندریہ نالے کی تعمیر کے لئے ٹینڈرنگ کا مسئلہ حل ہوچکا ہے اب اس پر تیزی سے کام ہوگا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ضلع وسطی میں ماضی میں 45 ایکڑ رقبے پر مشتمل دامن کوہ کا منصوبہ بنایا گیا تھا جسے تعمیر نہیں کیا گیامنصوبے کا جائزہ لے کر اس کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی میں گزشتہ سال 19 لاکھ افراد کو علاج کی سہولیات فراہم کی گئیں، کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز جو اس وقت بری حالت میں ہے اسے این آئی سی وی ڈی سے منسلک کرکے سیٹلائٹ سینٹر بنائیں گے جس سے ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ، نارتھ کراچی، سرجانی ٹان اور دیگر قریبی بستیوں کے مکینوں کو امراض قلب کی بہترین سہولیات ان کی رہائش گاہ کے قریب دستیاب ہوجائیں گی، اس موقع پر وائس چیئرمین واٹر بورڈ نجمی عالم نے کہا کہ جب سخی حسن پر پانی ختم ہوتا تو پہلے اس کی پمپنگ بند کردی جاتی تھی اور ہائیڈرینٹ چلاتا رہتا تھا مگر اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہائیڈرینٹ بند ہوگا اور گھروں میں پانی کی پمپنگ جاری رہے گی، انہوں نے کہا کہ نئی حب کینال تیار کی جا رہی ہے جس سے کراچی کو 100 ایم جی ڈی پانی ملنا شروع ہوجائے گا اس کے علاوہ 65 ایم جی ڈی کا ایک اور منصوبہ بھی چل رہا ہے، یوسی۔19 میں سیوریج کے حوالے سے جتنی بھی شکایات ہیں ان پر عملی اقدامات ہوتے نظر آئیں گے، پیپلز پارٹی ضلع وسطی کے صدر مسرور احسن نے کہا کہ شہریوں نے رابطے کے لئے کھلی کچہری منعقد کی گئی ہے تاکہ ایڈمنسٹریٹر کراچی لوگوں کے مسائل سنیں اور انہیں حل کریں، انہوں نے کہا کہ بیرسٹر مرتضی وہاب فرزند کراچی ہیں اور ان کا تعلق اسی علاقے سے ہے اور وہ شہریوں کے تمام مسائل حل کریں گے، لوگ مایوس ہیں اور اس کا حل نکالنے کی ضرورت ہے حکومت کو احساس ہے کہ آپ کے مسائل کس طرح حل کئے جائیں، شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر سطح پر اقدامات کئے جائیں گے۔