ایڈمنسٹریٹر کراچی کا دورہ جناح اسپتال اور کارڈیو ویسکیولر انسٹیٹیوٹ
کراچی (نیوز رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی،مشیر قانون و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب پیر کے روز جناح اسپتال اور کارڈیو ویسکیولر انسٹیٹیوٹ کے باہر سیوریج لائن چوک ہونے پر متاثرہ جگہ پہنچے جہاں انہوں نے واٹر بورڈ اور متعلقہ حکام کو طلب کرکے سیوریج لائن فوری بحال کرنے اور کام مکمل کرکے فوری رپورٹ دینے کی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے،ایڈمنسٹریٹر کراچی کی ہدایت پر سیوریج لائن کھولنے اور نکاسی آب کا کام شروع کردیا گیاہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ جناح اسپتال اور کارڈیو ویسکیولر انسٹیٹیوٹ سمیت اس علاقے میں اہم طبی ادارے واقع ہیں جہاں چوبیس گھنٹے لوگوں کی آمدورفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے لہذا یہاں سیوریج لائن کے نقص کو جلد از جلد دور ہونا چاہئے، انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تیزی سے کام کیا جائے اور نکاسی آب کی راہ میں جو بھی رکاوٹ ہے اسے دور کیا جائے اور ایسے اقدامات کئے جائیں کہ آئندہ یہاں سیوریج لائن چوک ہونے کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔