سابق وفاقی وزیر ملک نور ربانی کھر انتقال کرگئے، آبائی قبرستان میں سپردخاک

سناواں، ملتان، لاہور، اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت، نامہ نگاران) سابق وفاقی وزیر فشریز ملک غلام محمد نور ربانی کھر گزشتہ روز انتقال کر گئے۔ وہ لاہور کے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ نماز جنازہ سابق چیف جسٹس خلیل رمدے نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی، خواجہ عطاء اللہ شاہ بخاری، خواجہ محمد امین، سابق ایم پی اے میاں ذیشان احمدگرمانی، وفاقی وزیر میاں شبیر علی قریشی، ایم پی اے اشرف خان رند، میاں علمدار قریشی، سابق ضلع ناظم مظفر گڑھ ملک اللہ دادکھر اور پولیس و اعلی ضلعی انتظامیہ شامل تھی۔ ان کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقہ سنانواں میں ادا کی گئی اور انہیں ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ نور ربانی کھر سابق وزیرخارجہ حنا ربانی کھر اور پیپلز پارٹی کے ممبر قومی اسمبلی رضا ربانی کھر کے والد تھے اور غلام مصطفیٰ کھر کے چھوٹے بھائی تھے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق ایم این اے ملک غلام محمد نور ربانی کھر کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پارٹی ایم این اے حنا ربانی کھر سمیت تمام سوگواران سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔ راجہ پرویز اشرف، مخدوم احمد محمود، اسد قیصر، قاسم سوری اور دیگر نے اظہار تعزیت کیا ہے۔