ڈھوک منشی خان قبرستان پر جاری دھرنا، شیخ راشد شفیق نے مصالحت کا آغاز کردیا
راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)ڈھوک منشی خان قبرستان پر جاری دھرنے کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنے کیلئے ایم این اے شیخ راشد شفیق نے مصالحت کا آغاز کردیا ۔اے ڈی سی جی آفس میں فریقین کے مابین شیخ راشد شفیق کی موجودگی میں اجلاس ہواجس میں علاقہ معززین کی چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں محمد تاج عباسی،مولانا ادریس حقانی،چوہدری ناصر اور مظاہر شاہ شامل ہوں گے جبکہ فریق ثانی کی طرف سے کہا گیاہے کہ سڑک کی تعمیر کیلئے جتنی جگہ استعمال ہورہی ہے اس کے بدلے قبرستان کیلئے متبادل جگہ فراہم کردی جائے گی لیکن دھرنا کے نمائندوں نے کہا کہ جب تک معاملات کاحل نہیں نکلتا دھرنا جاری رہے گا علاوہ ازیں پیر کے روزلاہور ہائیکورٹ کے جناب جسٹس چوہدری مسعود جہانگیر کی عدالت میں ڈھوک منشی قبرستان پر مبینہ قبضہ کے خلاف سابق یوسی ناظم محمد تاج عباسی کے وکیل سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی رٹ کی سماعت27جنوری تک ملتوی کردی گئی۔